اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جلد صحت یابی کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر سے دعائیہ پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اتوار کو صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ،ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا، سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف، ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے بذریعہ ٹیلی فون شاہ محمود قریشی کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف، احسن اقبال و دیگر حکومتی و اپوزیشن کے ممبران پارلیمنٹ، اور کثیر تعداد میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بذریعہ فون و میسجز وزیر خارجہ کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے بھی ٹیلیفون کالز اور سماجی رابطے کے ذریعے دعائیہ پیغامات تواتر کے ساتھ موصول ہو رہے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو، ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف، ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپ کوفورڈ، مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد اور افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے شاہ محمود قریشی سے انکی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعائوں اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی کی جلد صحت یابی کیلئے ملک بھر بالخصوص سندھ میں ہزاروں کی تعداد میں اجتماعی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ سندھ میں کل ہر ضلع میں دعائیہ تقریب ہو گی۔پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور ڈپٹی ہیڈ آف مشنز جان ہوور کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا گیا جس پرترجمان دفتر خارجہ نے شکریہ کا پیغام دیا۔