اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے ، ہوائی اڈے پر کویت کے ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور صالم الحمدان،پاکستان میں کویت کے سفیر نثار مطہری اور کویت میں پاکستانی سفیر غلام دستگیر اور دیگر حکام نے وزیر خارجہ کا پر تپاک استقبال کیا۔وزیر خارجہ دورہ کویت کے دوران اپنے کویتی ہم منصب اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرینگے ، ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور زیر بحث آئیں گے ،وزیر خارجہ کویتی قیادت کے ساتھ ویزوں کے مسئلے پر بھی بات چیت کرینگے ،اسکے علاوہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کرینگے اور ان سے خطاب بھی کرینگے اور موثر کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے ، اسلام آباد ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے یہ دورہ معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وہ امیر کویت کیلئے وزیراعظم کا خصوصی خط لے کر جارہے ہیں۔ کویت میں انکی اپنے ہم منصب سے ملاقات بھی ہوگی اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے ، مذاکرات میں ویزہ مسائل سمیت دیگر دوطرفہ معاملات پر گفتگو ہو گی۔اس سے پہلے وزیر خارجہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر وی آئی پی کے بجائے مسافروں کے راستے سے امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے ۔ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے وزیر خارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنائیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 27 مئی کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب جائینگے ۔ وزیر خارجہ27 مئی کو جدہ روانہ ہوں گے جہاں پر وہ 28 اور 29 مئی کو او آئی سی کے وزراء خارجہ اجلاس میں شرکت کرینگے ۔