ملتان،اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،این این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ماموں زاد بھائی اور سابق گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی مرحوم کے بڑے صاحبزادے نواب عاشق حسین قریشی گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ مرحوم کی پہلی نماز جنازہ آج صبح 11بجے پولو گراؤنڈ ریس کورس پارک لاہور میں ادا کی جائیگی۔ جبکہ دوسری نماز جنازہ شام ساڑھے چار بجے دربار حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ کے احاطہ میں ادا کی جائیگی اور نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دربار حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے احاطہ میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرحوم کرکٹ کے ایک اچھے کھلاڑی تھے اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی اور دیرینہ دوستوں میں ان کاشمار ہوتا تھا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹ میں عاشق حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹرکے ذریعے افسوس کرتا ہوئے کہا ہے کہ مرحوم عاشق قریشی ہمیشہ مشکل وقت میں میرے ساتھ رہے ۔ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر میں ساتھ دینے والے وہ پہلے انسان تھے ۔ تحریک انصاف کے بانی کارکنوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی عاشق حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔