اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال میں ناروے ،سویڈن، ڈنمارک اور آئیوری کوسٹ کے وزراء خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کئے ۔ نارویجن ہم منصب اینہ اریکسون سورائدے ،ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپی سباسچین کوفوڈ،آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ مارسل آمون تاانو اور سویڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ وال سٹروم سے ٹیلیفونک رابطوں میں شاہ محمود نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن وامان کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور مضمرات سے آگاہ کیا۔ چاروں وزرائے خارجہ نے کشمیرکی صورتحال پراظہارتشویش کیا اور مسئلے کے پرامن حل پر زور دیا۔دریں اثناوفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کو سلامتی کونسل کے بعد مختلف بین الاقوامی فورمز پر چیلنج کرنے کیلئے اہم قانونی وآئینی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی ۔وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ میں سابق مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔