اسلام آباد (ذیشان جاوید) وزیر اعظم پاکستان کے دفتر نے پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملکی مفاد کے پیش نظر وزارت آبی وسائل کے جوائنٹ سیکرٹری سید مہر علی شاہ کو جنوبی افریقہ کے دورے پر جانے سے روک دیا ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز کے 23 اگست کے شمارے میں وزارت آبی وسائل کے وفاقی سیکرٹری محمد اشرف اور انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان کے قائم مقام سربراہ اور وزارت میں بطور جوائنٹ سیکرٹری اپنی خدمات سرانجام دینے والے آفیسر سید مہر علی شاہ کے جنوبی افریقہ کے دورے کی خبر شائع ہوئی تھی۔ وزیر اعظم ہاؤس کی مداخلت کے بعد جوائنٹ سیکرٹری وزارت آبی وسائل سید مہر علی شاہ کو اس نجی دورے پر جانے سے روک دیا گیا ہے تاہم وفاقی سیکرٹری محمد اشرف اس غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے اخراجات پر گذشتہ شام جنوبی افریقہ کے نجی دورے پر راوانہ ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری نے دورے پر راوانگی سے قبل وزیرا عظم سیکرٹریٹ کو سید مہر علی شاہ کو وزارت کے انتظامی امور کی دیکھ بھال کے لیے سیکرٹری کے اضافی چارج کی سمری بھجوائی تھی جو کہ منظور کر لی گئی ہے ۔ وفاقی سیکرٹری محمد اشرف کے بیرون ملک دورے کے دوران سید مہر علی شاہ وزارت کے انتظامی امور کی دیکھ بھال پر عارضی بنیادوں پر مامور کیے گئے ہیں۔