کراچی،اسلام آباد،لاہور( سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،اپنے نیوز رپورٹر سے ) احتساب عدالت کراچی نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزاکو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔نیب حکام نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں غیرقانونی بھرتیوں پرشاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ریفرنس دائرکیاجو احتساب عدالت نے سماعت کیلئے منظور کر لیا،احتساب عدالت نے سابق ایم ڈی پی ایس اوشیخ عمران الحق اور ڈی ایم ڈی کو بھی نوٹس جاری کردیئے ۔شاہد خاقان اور دیگر پر خزانے کو 13 کروڑ 80 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایاانکوائری سپریم کورٹ کی ہدایت پر کی گئی، سپریم کورٹ نے 15 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران کی تقرری کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور دوران تحقیقات معلوم ہوا کہ پی ایس او کے ایم ڈی اور ڈی ایم کی تقرری غیر قانونی ہے ،مزیدسماعت 10 اپریل کوہوگی۔احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری کی عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی،کرونا وائرس کے باعث شہبازشریف اور حمزہ شہباز پیش نہ ہوئے ،عدالت نے کرونا وائرس کے باعث حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت دس اپریل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لئے دوبارہ طلب کرلیا ۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرکے نیب پراسیکیوٹر کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال کیس کی سماعت کے دوران نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور بلال قدوائی نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی جبکہ شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے چوہدری نواز ایڈووکیٹ نے حاضری لگوائی۔ کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کوعدالت پیش نہ کیا گیا،عدالت نے سماعت دس اپریل تک ملتوی کرکے بلال قدوائی کی درخواست بریت پرنیب سے جواب طلب کرلیا۔