راولپنڈی،سکھر،پشاور(92نیوزرپورٹ،بیورو رپورٹ)شاہدخاقان عباسی نے نیب راولپنڈی میں پیش ہوکر ایم ڈی منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تعیناتی کے کیس میں بیان ریکارڈکرادیا۔انہوں نے بیان میں کہا تعیناتی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی، سابق وزیر اعظم نے نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو سوالوں کے جواب دیئے ۔ادھر کندھ کوٹ میں ادائیگی کے باوجود سرکاری پلاٹ مالک کو واپس کرنے کے معاملہ پرسابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ بھی نیب میں پیش ہوئے اوربیان ریکارڈ کرادیا ۔ نیب کی جانب سے کشمور ضلع کے علاقے کندھ کوٹ میں سماجی رہنما مرزا سھریانی کی جانب سے سرکاری سکول کے لیے وقف کردہ زمین ان کے انتقال کے بعد ان کے ورثائکو واپس کرنے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں ۔امیرمقام بھی نیب خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوگئے ، نیب ٹیم نے ایک گھنٹہ سے زائد پوچھ گچھ کے بعد سوالنامہ دے کر 2000 کے بعد سے اب تک کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ نیب نے نوازشریف کے داماد کیپٹن(ر)محمد صفدر کو بھی زائد اثاثے بنانے اور ترقیاتی فنڈ میں بے ضابطگیوں کے الزام میں آٹھ اکتوبر کوطلب کرلیا ۔