ملتان (سٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ہم ایک قوم نہیں بن چکے ، ہم سندھی ، بلوچی ، پنجابی اور پختونوں میں تقسیم ہو چکے ہیں، ہمیں ملکی ترقی کے لئے تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا ہو گی، سوا دو کروڑ بچوں کا سکول نہ جانا لمحہ فکریہ ہے ۔ زرعی یونیورسٹی ملتان میں روڈ ٹو ایجوکیشن مہم کے سلسلہ میں فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیٹیوں کا سکول جانا بہت ضروری ہے ، عورت سے ہی معاشرہ چلتا ہے ، پاکستان کو ٹھیک کرنے کے لئے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ، بچوں کی تعلیم سمیت فلاحی کاموں کے لئے عوام ساتھ دیں۔ تقریب کے دوران زرعی یونیورسٹی کی طالبہ نے شاہد آفری سے سوال کیا کہ کیا آپ رن مرید ہیں ؟ جسے شاہد آفریدی گول کر گئے ۔ اس موقع پر شاہد آفریدی کا ایک فین ان سے ملتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا ۔ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر آصف علی نے شاہد آفریدی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔