لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی دو بار چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لئے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو کپتان مقرر کردیا ہے ، شاداب خان پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے سب سے کم عمر کپتان بن گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2017 میں لیگ کے دوسرے سیزن میں ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا تھا اور وہ پہلے ہی سیزن میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستانی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔پاکستان سپر لیگ کے 32 میچوں میں 29وکٹیں لینے والے شاداب خان لیگ کا تیسرا سیزن جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ بھی تھے اور فائنل میں 25 رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کی تھیں۔