لاہور، شیخوپورہ( اپنے رپورٹر سے ، کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر) فیروز والہ کے علاقہ امامیہ کالونی میں ایک پرفیوم ساز فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے ہونیوالے دھماکہ اور آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی، جاں بحق افراد میں فیکٹری کے 3 مالکان بھائی، ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں، دوافراد شدید زخمی ہوئے ۔ دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشہ ٹوٹ گئے جبکہ ملحقہ مکان کی بالائی چھت بھی گرگئی، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈکی ٹیمیں پہنچ گئی جنہوں نے جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا ، پیرزادہ کالونی بشمولہ امامیہ کالونی میں ایک پرفیوم ساز فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوگیا تھا ، دھماکہ سے مرنیوالوں میں 60 سالہ زاہد ، 55 سالہ رشیدہ بی بی ،9 سالہ موسیٰ،7 سالہ اریبہ ، 15 سالہ نوید 30 سالہ زاہد مجید ،21 سالہ جنید اکرم 22 سالہ عابد بوٹا شامل ہیں، ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال اور دوسرے کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ فیکٹری کے پاس این او سی نہ تھا اور عرصہ سے سرکاری محکموں کی ملی بھگت سے پرفیوم تیار کررہی تھی۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے امامیہ کالونی لاہور میں فیکٹری میں ہونے والے حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ ریسکیو کو بارش اور تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، امامیہ کالونی میں عا بد اور اسکے دو بھا ئیو ں جمیل اور عبد الوحید نے جعلی پر فیو م بنا نے کی فیکٹری محلہ کے اندر غیر قا نو نی بنا رکھی تھی، دھماکہ سے بالائی منزل کی عمارت منہدم ہوگئی، اس منزل پر مزدوروں کی رہائش تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فیکٹری میں مختلف برانڈ کے نا مو ں سے مبینہ جعلی پر فیو م بنا ئے جا رہے تھے ، سپرٹ کے ڈرم اور 8 سے زائد گیس سلنڈر پڑے ہوئے تھے ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں، خاندان کا تعلق کریم پارک سے تھا، مالکان تینوں بھائی شکر گڑھ کے تھے ، سانحہ شا ہدرہ آ تش زدگی کا مقدمہ سول ڈیفنس افسر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، ڈی پی او شیخوپور نے جائے وقوعہ دورہ کیا ۔