اسلام آباد،پشاور(نیوز ایجنسیاں)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے بی آر ٹی کی تعمیراتی لاگت 66 ارب روپے ہے جولاہورمیٹرو منصوبے سے پانچ سال بعد بھی کم ہے ،براہ کرم شہباز شریف قوم کو گمراہ نہ کریں۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ٹویٹ کے ردعمل میں انہوں نے کہا بی آر ٹی منصوبے کا مرکزی کوریڈور اور متصل روٹس مکمل ہوچکے ، یہاں لگنے والا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نظام عنقریب مکمل ہونے والا ہے ۔بی آر ٹی پشاور کی اضافی لاگت زمین کا حصول،کمرشل اور پارکنگ پلازہ کی مد میں 13ارب روپے ہے ،منصوبے میں50کلومیٹر طویل متصل روٹس بھی ہیں جس کی لاگت میں بس سٹاپ کی تزئین و آرائش،ڈرین سسٹم،سڑکیں بھی شامل ہیں۔بی آر ٹی کی بسیں چین سے درآمد کی گئیں اور ان کی تعداد لاہور میٹرو کی کرایے پر حاصل کی گئی بسوں سے تین گنا زائد ہے ،یہ بسیں لاہور میٹرو سے پانچ گنا زائد مسافروں کے ساتھ سفر کرینگی۔وزیرخزانہ خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے کہاپشاور میٹرو کی لاگت90ارب ہے نہ ہی اس کا دیگر میٹرو منصوبوں سے موازنہ درست ہے ۔بی آر ٹی کی لاگت لاہور میٹرو سے 3ارب روپے کم ہے ،یہ منصوبہ پاکستان کا تھرڈ جنریشن منصوبہ ہے جس سے متصل آٹھ رویہ کوریڈور ہونگے ۔بی آر ٹی منصوبے کے کوریڈورکی لاگت204ملین ڈالر جبکہ لاہور میٹرو کے کی320ملین ڈالر ہے ۔انہوں نے کہاشیشے کے گھروں میں رہنے والوں کو پتھر نہیں مارنے چاہئیں،اسلام آباد ائیر پورٹ کی لاگت میں170فیصد اضافہ ہوا،اور یہ37ارب روپے سے بڑھ کر100ارب روپے سے زائد پر گیا۔