اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف،حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث تین ملزمان قاسم قیوم،فضل داد اور آفتاب محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید12 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت نے شریف خاندان کے لئے منی لانڈرنگ کرنے والے دو ملزمان شاہد رفیق اور آفتاب محمود کا ایک روز ہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج طاہر محمود نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر کے 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل ریفرنس میں لیگی رہنماؤں سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 روز کی توسیع کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت 20اگست کو دونوں بھائیوں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے نیب حکام کو ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا۔ سعدرفیق کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا اورپوچھا کیا پروڈکشن آرڈر ملزم کی مرضی سے جاری ہوتے ہیں یا درخواست دی جاتی ہے ، خواجہ بردران پر فرد جرم عائد ہونی تھی، کیس بہت سیریس سٹیج پر ہے ، بغیر اجازت کس طرح سعدرفیق کو اسلام آباد لے جایا گیا ۔ملزم کے اسمبلی سیشن میں شرکت پر اعتراض نہیں مگر طریقہ کار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ، کیا سپیکر عدالت کو حکم دے سکتا ہے کہ ملزم کو ہر صورت پیش کیا جائے ۔ احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے گریٹر لاہور چنار باغ ہاوسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں ملزم اعجاز خان کو پلی بارگین کرنے کے بعد رہا کر دیا جبکہ ملزم طارق شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 15 روز توسیع کر دی،ملزم اعجاز خان نے نیب کو 20 لاکھ روپے بطور پلی بارگین دینے کی یقین دہانی کرا دی۔ احتساب عدالت لاہور نے ڈی ایچ اے لاہور سٹی پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کے کیس میں ملزم حماد ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 12 روز کی توسیع کر دی۔