لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،نامہ نگار، نیوزایجنسیاں)احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ ریفرنس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کاحاضری سے استثنیٰ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں26 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،جج امجد نذیر چودھری نے ریمارکس دیئے جب ملزم گرفتار اور دوسرے کیسوں میں پیش ہوتا ہے تو آشیانہ سکینڈل کیس میں بھی اسے پیش ہونا چاہئے ۔ عدالت نے گواہ پٹواری سعید اختر کا بیان قلمبند کیااور آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کوطلب کرلیا،عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی۔احتساب عدالت لاہور نے لوگوں سے قسطوں کی چیزیں دینے کے نام پرکروڑوں روپے فراڈ کیس میں ملوث تین ملزمان غلام مصطفیٰ، رانا زاہد اور سید عبد الواحد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت لاہور نے گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں ملوث ملزم طارق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں3 فروری تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کئے جانے کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں گواہ پر جرح جاری رہی،آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی،مزیدسماعت 27جنوری کوہوگی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری،یوسف رضاگیلانی و دیگر کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح مکمل نہ ہو سکی، سابق صدر کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تو جج سید اصغر علی نے ریمارکس دیئے فاروق نائیک آئے ہیں جرح ہو جائے گی۔ فاروق نائیک نے نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح کی۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ اور دیگر کے خلاف ضمنی ریفرنس کیلئے نیب کی طرف سے مہلت کی استدعاپر سماعت دس فروری تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر جاوید اشرف قاضی وغیرہ کے خلاف ریلوے اراضی ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت گیارہ فروری پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔