لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف اور جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن کے درمیان آج ماڈل ٹاؤن میں ملاقات ہوگی جس میں متوقع طور پر آزادی مارچ کالائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزادی مارچ کے حوالے سے دونوں جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرنے پر بات چیت کرینگی ۔ مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ مولاناامجدخان ہونگے ۔دونوں جماعتوں کے قائدین ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرینگے جس میں آزاد ی مارچ کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل دیئے جانے کا امکان ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن آج لاہور پہنچیں گے اور مختصر قیام کے دوران آزاد ی مارچ سے متعلق مختلف اجلاسوں کی صدارت کرینگے ۔علاوہ ازیں آزاد ی مارچ میں شرکت ، پارٹی کی تنظیم سازی اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے ن لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی زیرصدارت ماڈل ٹائون لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ذیشان رفیق ،سائرہ افضل تارڑ، رانا مشہود احمد ، رانا اشد اور دیگر نے شرکت کی۔