لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت لاہورنے منی لانڈرنگ ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریریحکمنامہ جاری کرتے ہوئے شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز ،بچوں سلمان شہباز،رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کاٹرائل دیگر ملزمان سے علیحدہ کرنے اور پانچوں اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنے کاحکم دیدیا۔جج جواد الحسن نے بارہ صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں رابعہ عمران ،سلمان شہباز ،یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے کہا سلمان شہباز اور رابعہ عمران سمیت دیگر ملزمان جان بوجھ کر ٹرائل جوائن نہیں کررہے ،متعدد بار نوٹسز جاری کرنے کے باوجود متعلقہ ملزمان پیش نہیں ہوئے ، جیل سپرنٹنڈنٹ شہباز شریف کو جیل میں فزیوتھراپسٹ فراہم کریں جس کاخرچہ شہباز شریف خود برداشت کریں گے ۔ احتساب عدالت لاہور نے قصر ذوق کیس کے ملزم اور سابق وزیر ٹکا اقبال کی بریت کی درخواست درخواست خارج کرکے نیب کو حکم دیا کہ وہ پانچوں ملزمان کو آئندہ پیشی پندرہ دسمبر پر پر عدالت میں پیش کرے ، عدالت نے آئندہ پیشی پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔احتساب عدالت اسلام آبادنے ایل این جی کیس میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر شریک ملزمان برطانوی کمپنی کیوای ڈی کنسلٹنٹ کے ایم ڈی فلپ ناٹمن اور ماورک ایڈوائزری کے سی ای او شناصادق کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف اشتہارات کے ٹھیکوں سے متعلق الگ الگ ریفرنسز میں شریک ملزمان کی بریت کی درخواستیں مستردکرتے ہوئے فردجرم عائد کرنے کیلئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔ شوکت عزیز وغیرہ کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزمان لیاقت جتوئی ،ڈاکٹر بشارت حسن بشیر،غلام نبی، اسماعیل قریشی، یوسف میمن جبکہ یوسف رضاگیلانی وغیرہ کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزمان محمد سلیم، فاوق اعوان، سید حسن شکو اور ریاض عاشر صدیقی نے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔عدالت نے کہااکیس دسمبر کوشریک ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے گی۔احتساب عدالت لاہور نے سستی ایل ای ڈی ریفرنس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ملزمان ظہیر ناصر ،مقصود احمد اور نذیر احمد کو سات سات سال قید کی سزا سنادی ،تینوں ملزمان کو مجموعی طور پر 1 کروڑ پچاس لاکھ جرمانہ اورملزمان کو 10 سال کے لیے الیکشن کیلئے بھی نااہل قرار دیدیا۔احتساب عدالت لاہور نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں 360 ملین کرپشن کے کیس میں ملزمان احمد سعید اور محمد عارف کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز توسیع کر دی۔