ادلب(نیٹ نیوز)شام کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں اسد رجیم اور اس کے اتحادی روس کے ہفتے کے روز مختلف فضائی حملوں میں 8 بچّوں سمیت 19 شہری ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ روسی طیارے نے ادلب کے جنوب میں میں واقع گاؤں البرا پر بمباری کی ہے جس سے ایک بچّے سمیت چار شہری مارے گئے ہیں۔فضائی حملے میں ایک دو منزلہ مکان ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے ۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ امدادی کارکنوں نے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکالی ہے ۔ وہ کمبل میں لپٹی ہوئی تھی اور اس کو اسٹریچر پر ڈال کر تباہ شدہ مکان سے باہر لایا گیا تھا۔