دمشق(نیٹ نیوز)شام میں روس کے فضائی حملے میں 78باغی ہلاک ہو گئے ۔روسی جنگی طیاروں نے فیلق الشام نامی گروہ کے ایک ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا،90جنگجو زخمی ہو گئے ،ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے جبکہ حلب سے انخلا کا سلسلہ جاری ہے ،تفصیلات کے مطابق دمشق حکومت کے اتحادی ملک روس کے ایک فضائی حملے میں کم از کم 78 ترک حمایت یافتہ باغی مارے گئے ہیں،خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق روسی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں شام کے شمال مغرب میں جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں، جس ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے ، وہ شامی مسلح اپوزیشن کا ادلب میں ایک مرکزی کیمپ ہے ۔قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد تقریبا پچاس بتائی گئی تھی اور زخمیوں کی تعداد بھی تقریبا اتنی ہی بتائی گئی تھی۔ سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔