ملتان(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن اور سابق گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی (مرحوم) کے صاحبزادے نواب ریاض حسین قریشی کی نماز جنازہ گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس ملتان میں ادا کی گئی۔ مرحوم کی نمازجنازہ علامہ سید علمدار حسین نقوی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ سے قبل مفتی عبدالقوی کی امامت میں وائٹ ہاؤس میں نماز عصر ادا کی گئی۔مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دربار حضرت بہائالدین زکریاؒ کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔وزیر خارجہ و دربار حضرت بہائالدین زکریا ؒ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کرائی۔ نماز جنازہ میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں جن میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، سید احمد مجتبیٰ گیلانی، مخدوم جاوید ہاشمی ، علی خان ترین، سابق وزیر قانون زاہد حامد ودیگر شامل ہیں ، ریاض حسین قریشی کے ایصال ثواب کیلئے قل خوانی آج سہ پہر 2بجے وائٹ ہاؤس ملتان میں ہوگی۔ اس موقع پرمخدوم شاہ محمود قریشی ریاض حسین قریشی مرحوم کے بڑے صاحبزادے حسن حسین قریشی کی دستار بندی کریں گے ۔ قل خوانی میں ملک بھر سے اہم سماجی و سیاسی شخصیات کی آمد متوقع ہے ۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر چودھری شجاعت اوردیگر سیاسی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا۔