اسلام آباد،لاہور ( نامہ نگار، نامہ نگارخصوصی،92نیوز رپورٹ) ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی گریڈ 21 میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، ڈی جی نیب لاہور کی شاندار کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پروموٹ کیا گیا ،شہزاد سلیم قائم مقام سیٹ پربطور ڈائر جنرل نیب لاہور ذمہ داریاں نبھا رہے تھے تاہم گزشتہ روز چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ان کو مستقل بنیادوں پر ڈی جی نیب لاہور تعینات کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکوری موجودہ ڈی جی کے دور میں ہوئی۔شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور بیورو نے 4 سال میں 14 ارب کی ڈائریکٹ ریکوری کی،ان ڈائریکٹ ریکوری کے طورپر 80 ارب روپے ریکور کرائے گئے ۔نیب لاہور نے چار سال میں اربوں روپے مالیت پر مشتمل 140 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے ۔ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سیکٹر میں 33 ارب 86 کروڑ اور فراڈ کیسز میں ساڑھے 6 ارب روپے ریکور کیے گئے ۔ واپڈا کو 5 ارب 50 کروڑ اور ایل ڈی اے کو 2 ارب 96 کروڑ جبکہ بینکنگ سیکٹر میں ایک ارب 14 کروڑ روپے ، پاکستان ریلویز 17 کروڑ، پنجاب کوآپریٹو بینک کے 1 ارب 67 کروڑ ریکور کرائے گئے ۔ مختلف مقدمات میں حکومت پنجاب کے ایک ارب 72 کروڑ روپے بھی ریکور کرائے گئے ۔ اسلام آباد(نامہ نگار)قومی احتساب بیورو نیب کے مزید 7 ڈائریکٹر ز کو گریڈ 21 میں ترقی دینے کی منظوری دیدی ۔ نیب پروموشن بورڈ کے اجلاس میں ترقی کی منظوری دی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس(ر ) جاوید اقبال نے نیب سلیکشن بورڈ کی سفارش پر ترقیوں کی منظوری دی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں مرزا عرفان بیگ،مرزا سلطان سلیم، عرفان نعیم منگی، فرمان اﷲ، فیاض قریشی ، مسعود عالم خان شامل ہیں ۔ نوٹیفکیشن فوری نافذالعمل ہوگا۔