ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک) شاہینوں کی زمبابوے کیخلاف اونچی اڑان، پہلے بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کی تو بعد میں باؤلرز نے میزبان ٹیم کی خوب وکٹیں اڑائیں۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز 2-1 سے جیتنے کے بعد زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ قومی ٹیم نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 147 رنز سے ہرا دیا۔ زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ عابد علی میچ اور حسن علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے دی، فالوآن کا شکار میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔زمبابوے کی ٹیم نے 358 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو برینڈن ٹیلر اور ریگس چاکاباوا نے 142 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اس کے بعد میچ کے چوتھے روز زمبابوے کی پوری ٹیم 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ چاکاباوا نے 80 اور برینڈن ٹیلر نے 49 رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے پانچ ،پانچ وکٹیں حاصل کیں۔زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز بنا سکی، پاکستان نے پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 510 رنز پر ڈکلیئر کی، قومی ٹیم کی جانب سے عابد علی نے 215 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔سیریز میں 14 وکٹیں حاصل کرنے پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، پاکستان ٹیم 19 سال بعد مسلسل دو ٹیسٹ میچ ایک اننگز سے جیتنے میں کامیاب رہی۔یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے میزبان زمبابوے کے بعد خلاف پہلا ٹیسٹ اننگز اور 116 رنز سے اپنے نام کیا تھا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ میچ کی جیت پر کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز اچھی رہی، عابدعلی نے شاندار بیٹنگ کی، نعمان علی نے بھی اچھی باؤلنگ کی۔ اُمید ہے ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے ۔