اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہماری بہادر اور سربکف افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں ۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارے شاہینوں نے بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان اپنی خود مختاری، سلامتی اور دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا ہمارے گھر میں گھسنے کی جوبھی کوشش کرے گا ،اس کاانجام وہی ہوگا جو 27 فروری 2019 کو بھارتی طیاروں کا ہوا تھا۔ فردوس عاشق اعوان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ امیر قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔فردوس عاشق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ٹرمپ نے بھارت میں کھڑے ہوکر جس طرح پاکستان کی تعریف کی، اُس سے بھارت کی پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں کو بری طرح شکست اور وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کو فتح ہوئی۔