لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) عظیم صوفی بزرگ حجرت شاہ عنایت قادری ؒ کے 294ویں سالانہ عرس کی تقریبات آپ کے آستانہ واقع لاہور میں شروع ہو گئیں۔ جو کل اتوار کی دوپہر تک جاری رہیں گی ۔ ڈائریکٹر جنرل مذہبی امورپنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے رسم چادر پوشی سے تین روزہ عرس تقریبات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر لاہور زون عابد شبیر، سپریٹنڈنٹ لاہور زون کاشف علوی ، منیجر سرکل دو رانا واسط چراغ، ترجمان اوقاف آصف اعجاز، عمائدین شہر بھی موجود تھے ۔سالانہ عرس تقریبات کے پہلے روز رات گئے تک مخیر شخصیات کی جانب سے لنگر کی تقسیم کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ جبکہ ڈھول کی تھاپ پر ملنگوں نے دھمال ڈال کر سماع باندھے رکھا۔رسم چادر پوشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہاکہ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے نظامِ فکر وعمل کو اپنانا ہوگا۔ برصغیر میں شرف آدمیت اور تکریم انسانیت کے عنوان کو صوفیا نے عزت اور تقویت بخشی ۔ صوفیاء کی تعلیمات کے ابلاغ سے ہی روادانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔