اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی اور معاشی خود انحصاری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، تارکین وطن کی فلاح و بہبود ہمارا ترجیحی ایجنڈا ہے ۔ ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کے تارکین وطن جہاں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وہاں وہ پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھا کر ملک میں روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے ۔ تارکین وطن کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دنیا بھر میں تمام پاکستانی سفارتخانوں کو ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں، اقتصادی اور معاشی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہماری منزل ہے ۔