اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں کرونا عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے برطانیہ میں اس وباء کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔وزیر خارجہ نے برطانوی شہزادہ چارلس، وزیر اعظم اور وزیر صحت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس مشکل گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے برطانوی وزیرخارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری مسلسل کرفیو کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے ، 80 لاکھ کشمیری، بھارتی استبداد سے نجات کیلئے عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا اس عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے کم وسائل کے حامل ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان نے تجویز دی ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بروئے کار لاسکیں۔انہوں نے کہا ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ جی 7 اور جی 20 کا اہم ممبر ہونے کے ناطے ہماری اس تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا موثر کردار ادا کریگا۔برطانوی وزیر خارجہ نے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز کو زیر غور لانے اور مناسب فورم پر اٹھانے کا عندیہ دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ایران کورونا وائرس کی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے وسائل بروئے کار لاسکے ۔ ادھر شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد ائیر پورٹ کا دورہ کیا، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی ان کے ساتھ تھے ۔ وزیر خارجہ نے مسافروں کی سکیننگ کیلئے لگائے گئے سسٹم اور ائیر پورٹ پر قائم ہیلتھ کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر خارجہ نے ایئرپورٹ پر قائم کئے گئے آیسولیشن روم کا بھی معائنہ کیا،ائیر پورٹ پر مسافروں کو سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔