لاہور( حافظ فیض احمد) ایس ایس پی مفخر عدیل کی محکمے میں ترقی سے لے کر ٹرانسفر پوسٹنگ کرانے میں سابق اسسٹنٹ اٹارنی جزل شہباز تتلہ اہم رول ادا کرتا تھا اور دسمبر2017میں مفخر عدیل کی بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ پوسٹنگ بھی شہباز تتلہ نے کرائی تھی اور مفخر نے تقریباً ڈیڑھ سال ایف آئی اے میں نوکری کی، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے گجرات سرکل کا سرکاری ڈالہ بھی شہباز تتلہ استعمال کرتا تھا، یہ گاڑی مفخر کے حکم پر شہباز کو دی گئی، مفخر کے ساتھ پنجاب پولیس کا اہلکار عرفان بطور پی ایس او ایف آئی اے میں کام کرتا تھا اور اسد بھٹی کے ساتھ ملکر ریڈ بھی کرتا تھا، ایف آئی اے کا ایک سب انسپکٹر بھی مفخر کے قریب تھا، اسی کے ذریعہ ایف آئی اے میں معاملات طے کئے جاتے تھے ، مفخر کی اس تعیناتی کے دوران شہباز کو اکثر ایف آئی اے آفس میں دیکھا گیا، اس دوران مفخر اپنی مرضی سے دفتر آتے اور اعلی حکام کی جانب سے ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی تھی، ذرائع کے مطابق ایس ایس پی مفخر عدیل نے ایف آئی اے میں تعیناتی کے دوران وہاں بھی کرائے پر رہائش رکھی تھی ، بعض اوقات دیر تک ایف آئی اے دفتر میں موجود رہتے اور ان کے کمرے میں ایف آئی اے کے کسی انسپکٹر کو بھی جانے کی ا جازت نہ تھی، شہباز کی جانب سے سرکاری گاڑی کے استعمال پر ایف آئی اے گجرات سرکل خاموش رہا اور کوئی ایکشن نہ لیا۔