سری نگر(کے پی آئی) جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپرقید کے چار سال مکمل کر لئے جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر اپنی زندگی کے 33 سال جیل میں گزار دیئے ہیں ۔ شبیر شاہ کو 2017 میں گرفتار کر کے تہاڑ جیل منتقل کیاگیاتھا ۔جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پارٹی سربراہ کے عزم وحوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا علالت کے باوجود وہ جس طرح قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ترجمان نے جیلوں خاص طور پر تہاڑ جیل میں قید کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا انہیں تمام بنیادی انسانی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ،بھارتی حکام کا یہ طرز عمل دراصل ان کے متعصبانہ رویے کا عکاس ہے ۔ شبیر شاہ، یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر قاسم ،پیر سیف اﷲ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی،ناہیدہ نسرین سمیت دیگر تسلسل کے ساتھ نظربندی کی زندگی گزاررہے ہیں۔نظربندوں کے ساتھ جیلوں میں پیشہ ور مجرموں والا رویہ اپنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ انتہائی کٹھن حالات کا سامنا کررہے ہیں۔