اسلام آباد،راولپنڈی(92نیوز رپورٹ ،این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکیں بند کیں تو دہشتگردی کے مقدمات بنیں گے ، عوام حکومت کی بجائے انہیں گالیاں دینگے ۔سڑکوں کو کیسے بند کیا جاسکتا ہے ۔لوگوں نے دفتر، مریضوں نے ہسپتال جانا ہوتا ہے ۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پیچھے ہٹنے پر مولانا فضل الرحمٰن کو سمجھ جانا چاہئے تھا۔نوازشریف کے معاملے پر ان کی جماعت بضد ہے ۔وہ صرف میڈیا ،میڈیا کھیل رہے ہیں۔عمران خان نے بہت دلیرانہ اور عقلمندانہ فیصلہ کیا ہے ۔نوازشریف کو فیصلے سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔مجھے ڈیڈ لاک ہفتے دس دن میں ختم ہوتا اور حالات بہتر ہوتے نظر آرہے ہیں۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 2 ہفتے گزر گئے ہیں حکومت پر بھی دباؤ ہے ، کابینہ نے فیصلہ کیا جس پر عمل ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو نواز شریف کی صحت عزیز ہے تو سکیورٹی بانڈ کو سیاسی انا کامسئلہ نہ بنایا جائے ،اب تو انہیں کیش بھی نہیں دینا بس ایک بانڈ بھر کر دینا ہے ۔