دبئی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیر اعظم مودی کے کروڑ پتی دوست کی جانب سے فراڈ کے بعد اور اب ایک اور بھارتی کاروباری شخص بھی عرب امارات میں متعدد کمپنیوں کو لوٹ کر فرار ہوکر واپس بھارت پہنچ گیا ۔گلف نیوز کے مطابق عرب امارات کی کمپنی رائل لک فوڈ سٹف ٹریڈنگ کے مالک 36 سالہ یوگیسن اشوک یاریاوا نے متعدد کمپنیوں اور کاروباری افراد سے کم از کم 60 لاکھ درہم کی مختلف چیزیں خرید کر انہیں جعلی چیک دے کر انہیں لوٹا اور بعد ازاں ابوظہبی سے بھارت فرار ہو گیا ،فراڈی شخص نے بڑی اور معروف کمپنیوں سے بھی بیک وقت 5 سے 15 لاکھ درہم کی چیزیں خریدیں اور انہیں کچھ دن بعد کے چیک دیے مگر جب مذکورہ کمپنیاں چیک کیش کرانے گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ، کمپنیوں اور کاروباری شخصیات نے بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کیا اور فراڈی شخص کے حوالے سے شکایت بھی کی تاہم اس باوجود فراڈی شخص 11 مئی کو بھارت چلا گیا۔گلف نیوز کے مطابق کم از کم 40 کاروباری افراد اور کمپنیوں سے 60 لاکھ درہم لوٹنے والے شخص کو بھارتی حکومت کی جانب سے کورونا متاثرین کو یو اے ای سے بھارت منتقل کرنے کی مہم کے دوران منتقل کیا گیا،یہ واضح نہیں ہے کہ فراڈی شخص کے بھارتی حکومت کے ساتھ کتنے روابط ہیں اور کیا اسے خصوصی طور پر منتقل کیا گیا ۔