لاہور،راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ،کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک،کرائم رپورٹر، نیوز رپورٹر، نامہ نگار،، صباح نیوز، وقائع نگار، سپیشل رپورٹر، اے پی پی ،سٹاف رپورٹرز ) ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ،اس سلسلہ میں لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،جس میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شمعیں بھی روشن کی گئیں،لاہور میں شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی ۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے یادگار شہدا مال روڈ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس کے شہدا محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید جانوں کے نذرانے بھی دینے پڑے تو دریغ نہیں کرینگے ۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی ،سی ٹی او لاہور منتظر مہدی،ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے ،ڈی آئی جی ساجد کیانی نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر حاضری دی ۔ اس موقع پر قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ہونیوالی تقریب میں انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید امام کلیم کی ہدایت پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی زیرِنگرانی ٹریننگ کالج شیخوپور ہ میں شہدا کے ورثاء میں تحائف تقسیم کئے گئے ۔ کراچی میں بھی یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔ دو تلوار پر ہونے والی تقریب میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اگلے کچھ مہینوں میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ، پاکستان کی افواج اور پولیس نے پاکستان کو قائم رکھنے کیلئے اپنا خون پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اورانسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمن نے بھی خطاب کیا، صدر مملکت نے کیپٹن باسط علی، سپاہی حضرت بلال اورپسنی میں شہید ہونے والے کیپٹن عفان مسعود کے اہل خانہ سے فون پربات کی ، شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم یوم شہدا پولیس کے موقع پر پاکستان پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ شہدائے پولیس کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان شہدا کے لہو کی مقروض ہے ۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا پولیس کے لئے پیکج پر کام ہورہا ہے اور اس کو یقینی بنائیں گے ۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا کہ شہدا کا نام تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم کو اپنی پولیس کے شہدا پر فخرہے ۔ اداکارہ نیلم منیر ، اعجاز اسلم اور دیگر فنکاروں نے بھی شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا۔