لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال) حکومت پنجاب نے چہلم شہدائے کربلا ؓاور سالانہ عرس حضرت داتا گنج بخش ؒ ؒؒکے حوالے سے ضابطہ اخلاق تیار کرنے کے علاوہ متعدد اہم فیصلے کر لئے ،جس کے تحت 20اکتوبر کو چہلم شہدائے کربلاؓ پر لاہور سمیت پنجاب بھرمیں حساس مقامات پر پیرا ملٹری فورسز تعینات،حساس اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ مرکزی جلوسوں کے ساتھ موبائل جیمرز نصب کئے جائیں گے اورجلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔پنجاب کی دوسرے صوبوں کے ساتھ ملنے والے سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ بین الاضلاعی سرحدوں کو سیل کر کے خصوصی چیکنگ کی جائے گی ۔ سبز نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں ، سرکاری افسروں، اراکین اسمبلی اور وزراء کی گاڑیوں سمیت کسی بھی شخص، گاڑی، سامان کو بغیر سکیورٹی کلیئرنس کے ایک شہر سے دوسرے شہر یا ایک صوبہ سے دوسرے صوبہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ذمہ داری ضلعی اور پولیس حکام پر عائد ہو گی۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،سپیشل سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب پولیس ، سپیشل برانچ،سی ٹی ڈی کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ گزشتہ دنوں کے دوران مسلسل میٹنگز کیں جس میں شہدائے کربلا ؓکے چہلم اور سالانہ عرس حضرت داتا گنج بخش ؒ کے تناظر میں سکیورٹی معاملات کو فائنل کر لیا گیا۔