کراچی،لاہور،کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سندھ کے سابق وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی،شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کی تفتیش کی جائے گی۔ترجمان نیب کے مطابق سابق وزیر نے بدعنوانی کے ذریعے کئی بے نامی جائیدادیں خاندان اور ملازمین کے نام پر بنائیں۔ نیب کراچی نے شرجیل میمن کی تمام جائیدادوں کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا پی پی رہنما اور ان کی والدہ کے نام پر 270 ایکڑ زرعی اراضی ہے ، شرجیل میمن نے والدہ کے نام پر ڈی ایچ اے میں تین پلاٹس خریدے جن کی مالیت 21 کروڑ روپے ہے ۔شرجیل میمن نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک 1 ارب 8 کروڑ سے زائد رقم بھجوائی، حیدرآباد میں 10 کروڑ سے زائد مالیت کی کاٹن فیکٹری بنائی گئی جبکہ حیدرآباد میں ہی واقع راول فارم ہاؤس کی مالیت 1 ارب روپے ہے ۔ شرجیل میمن اور ان کی اہلیہ کے نام پر کئی فلیٹس اور ولاز ہیں، سائٹ ایریا میں 6 پلاٹ اپنے پرسنل سیکرٹری اظہار حسین، ڈرائیور سبحان اور پراپرٹی ایجنٹ آغا احسان کے نام پر خریدے ۔ادھرمسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیرکھیل رانا مشہود پیر کو نیب لاہور میں پیش ہوئے اور پنجاب سپورٹس فیسٹیول میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب کے سوالات کے جواب دیئے ۔ رانا مشہود تقریباً ایک گھنٹہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں موجود رہے ۔نیب نے انہیں 22 جولائی کو دوبارہ طلب کر لیا۔ نیب لاہور نے سابقہ دور حکومت کے منصوبے میٹرو بس لاہور میں کرپشن کا سراغ لگانے کے لئے محکمہ پی اینڈ ڈی اور دیگر محکموں سے منصوبے کا مزید ریکارڈ اٹھارہ جولائی تک طلب کر لیا۔ ڈی جی نیب لاہور نے ایل ڈی اے سٹی پراجیکٹ کی تکمیل میں سست روی کے معاملہ پر ڈی جی ایل ڈی اے ، ایڈیشنل ڈی جی، چیف انجینئر اور ڈائریکٹر پراجیکٹ،ایل ڈی اے سٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور کنسلٹنٹ کو بریفنگ کیلئے آج طلب کر لیا۔ نیب بلوچستان نے عوام سے دھوکہ دہی کے کیس میں احتساب عدالت کے احکامات کی روشنی میں دو ملزمان محمد طاہر اور زاہد پرویز کو پنجاب کے شہر میاں چنوں سے گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے پانچ دیگر سہولت کاروں کی مدد سے لوگوں کو لکی ڈرا کی آڑ میں گاڑیوں و دیگر قیمتی انعامات کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے 30 مختلف اکاؤنٹس میں وصول کئے جس پرانہیں بالترتیب 4سال 6 ماہ اور 5 سال 10 ماہ کی سزا سنائی گئی۔