لاہور(کلچرل رپورٹر)ایشین میڈیا ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے ایشین میڈیا ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں میڈیا سے وابستہ شخصیات کو انکی اعلیٰ خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب کی صدارت سینئر حریت رہنما الطاف احمد بھٹ نے کی جبکہ سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) چوہدری محمد سیلم بریار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایشین میڈیا ایوارڈز کی تقریب کو آزادی کشمیر سے منسوب کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جس کے بعد آزادی کشمیر سے متعلق ڈاکومنٹری ’’کشمیر کل اور آج‘‘اور ایک خاکہ’’ظلم رہے اور امن بھی ہو ؟ ‘‘ پیش کیا گیا۔ سینئر حریت رہنما الطاف احمد بھٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ میں پیر سید سہیل بخاری کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس خوشی کے پروگرام کو آزادیِ کشمیر اور کشمیرمیں ہونے والے مظالم کے ساتھ منسوب کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر ظلم کی اندھیری رات بہت جلد ختم ہونے والی ہے ۔ گلوکارہ گلاب کی میوزیکل پرفارمنس نے بھی ایوارڈ تقریب کو رنگین بنایا۔ گلوکار عباس جٹ نے فوک گائیکی سے سماں باندھ دیا ۔