اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ، این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے افغان صدراشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے ۔پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے ۔افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے ملکرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان خود مختار ریاست ہے ۔آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے ۔ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالادستی کیخلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے ۔پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے سے امن کے دیے روشن کیے ہیں۔ کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔شرپسندوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔