ورونا کے باعث لاہور کے بند پارک عام شہریوں کے لئے اب دوبارہ کھول دیے گئے ہیں جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کے لئے ٹریفک پولیس نے چالان شروع کر دیے ہیں۔ اسی طرح ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر لاہور اور دیگر شہروں میں متعدد دکانیں سیل کر دی گئی ہیں اور کئی دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکومت نے شہریوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے پارک کھول کر ایک اچھا اقدام کیا ہے تاکہ وہ صبح سویرے اور شام کو ان پارکوں میں کھلی فضا میں سیر اور ورزش کے ذریعے خود کو صحت مند رکھ سکیں۔ اب شہریوں کا یہ فرض ہے کہ وہ ماسک پہننے کو اپنے اوپر لازم کریں‘ حکومت نے ماسک کا پہننا لازمی قرار دیا ہے‘ اس کا استعمال نہ کرنا صرف صحت کے لئے مضر ہے بلکہ یہ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کی بھی خلاف ورزی ہے جس کا نتیجہ صرف چالان کی صورت میں ہی نکل سکتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ کورونا وبا سے بچنے کے لئے ماسک کو اپنی زندگی اور لباس کا ایک لازم جزو سمجھ کر استعمال کریں اور ساتھ ساتھ دن میں کئی بار ہاتھ دھوئیں۔ سینی ٹائیزر استعمال کریں ایک دوسرے کے ساتھ پارک کے اندر مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے پرہیز کریں۔ اپنے اور دوسروں کے درمیان فاصلہ رکھیں۔ دکانداروں کو بھی چاہیے کہ وہ خود بھی ماسک کا استعمال کریں ‘ ایس او پیز کی پابندی کریں اور گاہکوں کو بھی کہیں کہ وہ ماسک لگا کر سودا سلف خریدنے آئیں تاکہ کورونا وبا کے چنگل میں آسے سے بچا جا سکے۔