اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے قطر کی جیل میں قید پاکستانیوں سے ملاقات کی اور ان کی حالت زار کا جائزہ لیا۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق وزیرمملکت شہریار آفریدی قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے جہاں انہوں نے جیل میں جا کر پاکستانی قیدیوں سے ملاقات کی۔ شہریارآفریدی نے سٹاف میجر جنرل سعدبن جاسم ال خولیفی سے ملاقات کی جس میں پاکستانی قیدیوں کی حالت زار پر گفتگو کی، ملاقات میں قیدیوں کے مسائل بھی اجاگر کئے جن کے حل کے لئے میجر جنرل سعدبن جاسم ال خولیفی نے پوری یقین دہانی کرائی۔وزیر مملکت برائے انسداد منشیات نے جیل میں قیدیوں کے ساتھ کھانا کھایا اور گفتگو کر کے ان کے مسائل پوچھے ۔ شہریار آفریدی قیدیوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ کافی وقت گزارا۔