لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شریف برادران بڑے ڈرامہ باز،25جولائی چور ،ڈاکوئوں سے نجات کا دن ہے ، چھوٹے میں کی شکل دیکھنے والی ہے ،پنجاب کی ترقی اشتہارات تک ہے ، اب فرعونیت ختم ہوجائیگی ،ملکی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا،عوام ووٹ ڈالنے کل ضرور باہر نکلیں، ہمیں ملک و قوم کا مستقبل تابناک کرنا ہے تو پھر حضرت سید علی ہجویری ؒکی تعلیمات کو اپنانا ہو گا، فوج کے خلاف جو مہم نواز شریف اینڈ کمپنی چلا رہی ہے اس سے مودی خوش ہے ، عوام سوچیں بھارت نواز شریف کے ساتھ کیوں کھڑا ہے ،قوم کے ساڑھے 300ارب لوٹ کر نواز شریف مظلوم بن رہا ہے ۔اور جیل میں سہولتیں نہ ملنے کا رونا رو رہا ہے ،پاکستانی عوام کیلئے ملکی تقدیر بدلنے کیلئے یہ آخری موقع ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ این اے 125 میں خطاب ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف برادران نے معیشت تباہ کر دی۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 400 فی صداضافہ ہوا۔ڈالر کی قیمتوں کو پر لگ گئے ۔پنجاب کی 56کمپنیوں میں اربوں روپے ڈبو دئیے ۔ چھوٹے میاں اور اس کے بڑے بھائی کی ساری توجہ اقتدار میں آنے کے بعد اپنی فیکٹریاں لگانے ، جائیدادیں بنانے میں رہی ۔ عابد باکسر کے انکشافات سب کے سامنے ہیں۔ لاہوریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔صاف پانی کمپنی بنا کر بھی لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا ۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے پانچ سالوں کی کارکردگی کا موازنہ کر لیں۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ۔ بر سر اقتدار آ کربہترین بلدیاتی نظام لایا جائے گا۔ شریف خاندان اور اس کے حواری 30سالوں سے پنجاب پر قبضہ کئے بیٹھے ہیں۔آپ اسحاق ڈایر کو ہی دیکھ لیں ، اس کے والد کی ایک سائیکل کی دوکان تھی۔لیکن اسحاق ڈار اور اس کے بچے آج کروڑ پتی ہیں۔ شریف خاندان جتنا ڈرامہ کررہاہے اتنا تو فلموں میں بھی نہیں ہوتا ، چوری کرتے نہ جیل جاتے ۔ ایک طرف اربوں کے پراجیکٹس ہیں تو دوسری طر ف پینے کا پانی نہیں ۔ نوجوان بیروز گار پھر رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر چارچار مریض پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب نکلنے کا وقت ہے ، 25جولائی کو سب نے باہر نکلنا ہے ۔ یہ وقت کے فرعون ہیں جو عابد باکسرجیسے لوگوں سے قتل کر واتے تھے ۔ اب 25جولائی کو لاہور اور پورے پنجاب کو ان ظالموں سے نجات مل جائیگی ۔ واپڈا ٹاؤن میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ25جولائی کو پاکستان کا سب سے اہم الیکشن ہے یہ ہمارے مسقتبل کی جنگ ہے ،بچوں بچوں کو مقروض کر دیا گیا ہے ۔پاکستان کا حکمرانوں نے دیوالیہ نکال دیا ہے ۔ آج نیا پاکستان بنانے میں میری مدد کرنی ہے ، ملک ظہیر عباس کھوکھر اور پی پی امیدوار چوہدری امین نے بھی خطاب کیا۔