لاہور ( رانا محمد عظیم ) منی لانڈرنگ اور بے نامی اکاؤنٹس کے حوالے سے مزید کئی اہم انکشافات سامنے آگئے ۔ شریف خاندان، آصف زرداری اور اومنی گروپ کے لئے ایک ہی گروپ نے منی لانڈرنگ کا کام کیا ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق اس حوالے سے انوسٹی گیشن کرنے والے اداروں نے اہم ترین ثبوت حاصل کر لیئے اور جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے انکشافات کی روشنی میں یہ چیزیں سامنے آئی ہیں کہ دونوں بڑے سیاسی خاندانوں کیلئے منی لانڈرنگ میں کردار ادا کرنے والے منی ایکسچینجر، بینکرز اور دیگر افراد کا نہ صرف آپس میں تعلق تھا بلکہ وہ ان دونوں بڑے سیاسی خاندانوں کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے ایک دوسرے کو بتاتے بھی رہتے تھے ۔شریف خاندان کے حوالے سے تین ایسے اہم افراد کی گرفتاری آئندہ چند روز میں متوقع ہے جن میں سے دو کا تعلق بینکنگ کے شعبہ سے رہا اور ایک جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے اور رقوم منتقل کرانے میں اہم کردارادا کرتا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ چھ قریبی ساتھیوں نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت کئی اہم افراد کیلئے منی لانڈرنگ اور دیگر معاملات میں کردار اداکیا۔ان افرادمیں سے ایک کانام غلام قادر مری اوردوسرا ابو بکر ہے ، اس کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے ۔ابو بکرنے اپنی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کرا رکھی ہے اور ضمانت خارج ہونے پر اس کی گرفتاری کے ساتھ اہم کردارادا کرنے والے پانچ بڑے نام بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر آ جائیں گے ۔آئندہ چند روز میں بڑے پیمانے پر منی لاندڑنگ اور بے نامی اکاؤنٹس کے حوالے سے جو گرفتاریاں متوقع ہیں ان میں سب سے زیادہ گرفتاریاں زرداری اور شریف خاندان کے قریبی ساتھیوں، ملازمین اور ان کیلئے کام کرنے والوں کی ہیں ۔