لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ آفس میں علی احمد اور نثار گل جیسے کرپٹ عناصر کی بطور ڈائریکٹرز تقرریاں کر کے اس مقدس ادارے کی عزت کو پامال کیا، گڈ نیچر کمپنی کے ذریعے 70 سے زائد فرنٹ مینوں اور 56 کمپنیوں کے ساتھ عوام اور پاکستان کو اربوں کا ٹیکہ لگا کے آل شریف سرکاری گاڑیوں میں کالا دھن ٹرانسفر کرتے رہے جسے ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر بھیجا جاتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کے ساتھ ڈی جی پی آر میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی کارکردگی سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دونوں شریف برادران آج کل لندن میں مہنگے ہوٹلوں اور بازاروں میں گھوم پھر رہے ہیں، انہیں ڈیوڈ روز سے بھی ملنا چاہیئے اور اس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ بھی کرنا چاہیئے ، انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوڈ روز نے اپنے آرٹیکل میں شہباز شریف کو زلزلہ زدگان کے لیے آنے والی امداد میں خرد برد کرنے پر "کفن چور" اور نواز شریف کو "ڈاکوؤں کا سربراہ کہا تھا۔ ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے اپنے محکمے کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔