لاہور،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ) قومی احتساب بیورو( نیب) نے فضائیہ ہاؤسنگ سکیم میں کارروائی کرتے ہوئے میکسم مارکیٹنگ کمپنی کے تنویر اور بلال کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیب نے نجی مارکیٹنگ کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا اور اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں ہیں۔حکام کے مطابق نیب کراچی نے فضائیہ ہاؤسنگ سکیم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے اور فضائیہ پراجیکٹ متاثرین کی درخواست کے بعد دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا،فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم متاثرین کی تعداد 6 ہزار سے زیادہ ہے ،بڑی تعداد میں عوام سے فراڈ کیا گیا ۔ جبکہ لاہور کی احتساب عدالت نے ٹریسٹ انویسٹمنٹ بنک لمیٹڈ کے چیئرمین آصف کمال کیس کی سماعت، عدالت نے آصف کمال کے مزید 13 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی، عدالت نے ملزم کو دوبارہ 10 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ،نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ریفرنس سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ، ملزم کے خلاف تاحال فرد جرم عائد نہ کی جا سکی ہے ، احتساب عدالت نے شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم کے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے ملزم راشد کرامت کے مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی، عدالت نے ملزم راشد کرامت کو دوبارہ 10 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ، احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی ۔