لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار، این این آئی) احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے شریف فیملی کے اثاثہ جات منجمد کرانے کی درخواست پرسماعت نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پرآج تک ملتوی کر دی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاتفتیشی افسر اینٹی کرپشن ڈے کی تقریب میں مصروف ہیں، درخواست میں شہباز شریف، ان کی اہلیہ، بیٹوں سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کی 23 جائیدادوں اور 9 کمپنیوں کے اثاثہ جات منجمد کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج اعظم خان نے جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کو پیر تک مزید جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے کر دیا ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزم نے عبدالغنی مجید کو11پلاٹوں کی فائلیں فروخت کیں ، اعجاز ہارون جعلی کاغذات کی تیاری میں بھی ملوث رہے ۔ وکیل صفائی نے کہامیرے موکل کو نہیں معلوم کہ پلاٹس کے لئے جعلی اکائونٹ استعمال کئے گئے ، نیب بار بار پلی بارگین کی آفر کر رہا ہے جو چیز میرے موکل نے کی نہیں اس پر کیوں پلی بارگین کی جائے ۔احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن سکینڈل میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے احمد سیال، احتشام احمد سمیت 33 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19دسمبر تک توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی رخصت کے باعث سابق سربراہ ڈریپ ارشد فاروق فہیم کے خلاف ریفرنس کی سماعت جنوری ،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر میاں خرم رسول کے خلاف ریفرنس کی 9 دسمبر جبکہ سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ ریفرنس کی سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔