لاہور،سکھر،کراچی(اپنے نیوز رپورٹر،صباح نیوز ، سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے شہباز شریف فیملی کے اثاثہ جات منجمد کرنے کی درخواست نیب کے تفتیشی کی جانب سے ریکارڈ عدالت میں جمع کرانے پر 9دسمبرتک ملتوی کردی،عدالت نے فریقین کو دوبارہ 9 دسمبر کو طلب کرلیا ۔احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کردی، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز توسیع کی استدعا کی گئی۔خورشید شاہ کے وکلا نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا، خورشید شاہ پر کوئی کیس نہیں بنتا مگر ہم درخواست ضمانت دائر نہیں کررہے تاکہ نیب مکمل انکوائری کرلے ۔احتساب عدالت کراچی نے پی پی رہنما شرجیل میمن کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ملزم کی اہلیہ صدف شرجیل اورمفرورملزمان کو21 دسمبرکوطلب کرلیا۔قبضہ مافیا کا بدنام سرغنہ آدم جوکھیونیب کو پلی بارگین کے ذریعے دو ارب روپے سے زائد رقم دینے پر راضی ہوگیا، نیب نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی،عدالت نے درخواست فوری منظور کرنے سے انکارکردیا جبکہ عدالت نے ملزم آدم جوکھیو کو رہا کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔