اسلام آباد (خبر نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا اگر عدالت نے پوچھا تو عدالت کو جواب دیدیں گے ۔ سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی درخواست پر سماعت کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے سپریم کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا قاضی فائز عیسٰی اس کیس میں ملزم ہے ، ملزم کسی دوسرے سے کیسے سوال کر سکتا ہے ۔انھوں نے کہا جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے مجھ سے سوالات کیے ہیں، کٹہرے میں کھڑے ملزم کو جواب نہیں دیا جاتا، عدالت نے الزمات پر پوچھا تو عدالت میں جواب دوں گا۔ دوسری جانب سابق وزیر قانون فروغ نسیم کیس میں حکومت کی جانب سے نمائندگی کے لیے پہنچے تو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا میری کسی سے کوئی ذاتی عنادیا مخالفت جسٹس قاضی فائز عیسٰی سے ہے نہ ا کسی اور سے ۔انھوں نے وزارت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ میرے بعد جو وزارت کے خواہشمند ہیں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر پاکستان بارکونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی نے فروغ نسیم پر الزامات عائد کئے اور کہاپاکستان بار کونسل کونسل آئین و قانون کی عملداری پر یقین رکھتی ہے ، پاکستان بار کونسل اس کیس میں قاضی فائز کے ساتھ کھڑی ہے ۔