اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کا پیکیج لائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز بنی گالا میں حکومتی قانونی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری شریک ہوئے ۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کورونا سے متعلق قانون سازی پر مشاورت کی گئی اور شعبہ صحت میں قانون سازی کے لئے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عورتوں اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔خیال رہے کہ کورونا وائرس از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے تھے کہ قومی سطح پر بھی کورونا سے تحفظ کے لئے کوئی قانون سازی ہونی چاہئے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج سے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کیلئے فضائی حدود کھول رہے ہیں، یہ اقدام خصوصی طورپر ہمارے اوور سیز ورکرز کے لئے کیا جارہاہے ۔وزیراعظم نے مزید کہا واپس آنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو حکومت ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی، فضائی آپریشن بیرون ملک کام کرنے والوں کے لئے معاون ہوگا، کورونا وبا کے دوران انہوں نے حوصلے سے کام لیا، ہمیں فخر ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا واپسی پر خیر مقدم کرتے ہیں، واپس آنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔