لاہور( سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے ،سرفراز احمد بھی پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کرکے ٹیم میں کم بیک کرسکتے ہیں، شعیب ملک نے پہلے میچ میں زبردست کارکردگی دکھائی اور اب محمد حفیظ نے شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ بطور کپتان پہلی سیریز میں کامیابی پر بہت خوش ہوں، اس جیت کی پاکستان کو بہت ضرورت تھی۔محمد حفیظ اور شعیب ملک بطور سینئر کھلاڑی بہت اچھا پرفارم کررہے ہیں جس سے ہم سب کے اعتماد میں اصافہ ہوا ہے ، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بہترین پر فارم کرنے کی خوشی ہے ، کوشش کریں گے کہ تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے نمبر ون پوزیشن برقرار رکھیں۔