لاہور ، اسلام آباد، کراچی (خصوصی نمائندہ، کامرس رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگار، وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی والدہ انتقال کر گئی ہیں، سیاسی شخصیات نے دکھ کی اس گھڑی میں شفقت محمود سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ، اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں صدر اور وزیر اعظم نے غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی،اور وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔ وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال اور وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان ، سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے بھی شفقت محمود کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ دریں اثنا کورونا وائرس کے ملک بھر کے بند تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے 2 جولائی کو طے بین الصوبائی وزرا کانفرنس موخر کر دی گئی، ذ رائع وزارت تعلیم نے بتایا کانفرنس وفاقی وزیر شفقت محمود کی والدہ کی وفات کے باعث 2 جولائی کو نہیں ہو سکے گی،کانفرنس کا انعقاد 8 جولائی کو کیا جائے گا، کانفرنس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جانا تھا۔