خیبر، راولپنڈی(صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں 7دہشتگردمارے گئے ،آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے غلام خان کلی کے علاقے میں موثرجوابی کارروائی کرکے 7دہشتگردوں کوہلاک کردیا۔ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیاگیا۔ دہشتگردمختلف کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ شدیدفائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار منیر حسین اور حوالدار بابو خان بھی شہید ہوگئے ،علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ایک پرانے ٹھکانے سے بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کے علاقے حیدر ویخ میں سرچ آپریشن کے دوران بارود اور اسلحہ قبضہ میں لے لیا جو دہشتگردوں کے ایک پرانے ٹھکانے سے برآمد کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق قبضے میں لیے جانے والے سازو سامان میں 4 کلوگرام بارود، 5 عدد دیسی ساختہ بم اور 18 عدد دستی بم شامل ہیں جبکہ 2 عدد مشین گن اور سیکڑوں کی تعداد میں کارتوس بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔شہید ہونے والے 44 سالہ منیر حسین کا تعلق پاراچنار کرم ، 38 سالہ بابو خان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔