اسلام آباد، بنوں، باجوڑ (نیوز رپورٹر، نمائندگان 92نیوز)سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں غرلمئی اور سپیرہ کنڑ الگڈ میں آپریشن کیا،اس علاقے میں دہشتگردوں کے ایک گروپ کی موجودگی اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپنے کی اطلاعات تھیں ۔آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے انکی لاشوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں کیپٹن جنید، حوالدار عامر، حوالدار عاطف، حوالدار ناصر، حوالدار عبدالرزاق ، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا علاقے کو کلیئر کروالیا گیا ہے اور ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت جاری ہے ۔ادھر باجوڑ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تحصیل ماموند کے پہاڑی علاقہ گٹ آگرہ میں کارروائی کے دوران ایک خود کش بمبار سمیت دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا، مارے جانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان باجوڑ کے نائب آپریشنل کمانڈر،جس کا تعلق دواگئی تحصیل لوئی ماموند سے ہے ،بھی شامل ہے ۔یہ کمانڈر خود کش جیکٹ پہنے تھا اور اس کا شمار سب سے زیادہ مطلوب عسکریت پسندوں میں ہوتا تھا جو مختلف سماج دشمن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں سے طالبان کے نام پر بھتہ لینے ، مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا، دوسرے دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ دہشتگردوں کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ،تین پستول، نو ایم ایم کے تیس کارتوس، ایک موبائل فون اور ایک عدد ٹارچ برآمد کی گئی۔