لندن،لاہور(غلام حسین اعوان،92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے / کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، کورونا کے باعث نماز جنازہ میں صرف 30 افراد نے شرکت کی۔نوازشریف،حسن نواز،حسین نواز،اسحاق ڈار،علی ڈار،سلمان شہباز،علی عمران،محمد یوسف ،عابد شیر علی سمیت خاندان کے اورقریبی افرادنمازجنازہ میں شریک ہوئے ۔مسلم لیگ ن کے کارکنان کی کثیر تعدادنے ریجنٹ پارک مسجد کے باہر جمع ہوکر پارٹی قائد کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔کورونا ایس او پیز کے تحت میڈیا کو نماز جنازہ کی کوریج کی اجازت نہ دی گئی۔نواز شریف صاحبزادوں کے ہمراہ والدہ کو آخری الوداع کہنے ہیتھرو ائیرپورٹ کارگو سروسز تک پہنچے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق وہ ذاتی معالج کے منع کرنے پر اپنی والدہ کی میت کے ساتھ روانہ نہیں ہو سکے ۔ بیگم شمیم اختر کے جسد خاکی کے ساتھ نواز شریف کی بہن کوثر یاسمین ،بہنوئی میاں یوسف ہارون ،شہباز شریف کی بیٹی اور دامادہارون یوسف برٹش ائیرویز کی پرواز BA0259 سے روانہ ہوئے ۔بیگم شمیم اختر کی میت آج صبح 6 بج کر 45 منٹ پر لاہورائیرپورٹ پہنچے گی۔ائیرپورٹ پر میت شہباز شریف ،حمزہ شہباز، مریم نواز اور پارٹی کے سینئر رہنما وصول کریں گے ، میت کو براستہ رنگ روڈ جاتی عمرہ لے جایا جائے گا جہاں شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس گرائونڈ میں مرحومہ کی نماز جنازہ بعدنماز ظہر ادا کی جائے گی،بیگم شمیم اختر کومرحوم شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیاجائیگا۔مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے رسم قل کل ہوگی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد شریک ہونگے ۔نماز جنازہ کی ادائیگی اور تدفین کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، گرائونڈ کو قناتوں سے ڈھانپ دیا گیا جبکہ جگہ کی حد بندی کے لئے گرائونڈ کے گردونواح میں سرخ جھنڈیاں لگا دی گئی ہیں، نماز جنازہ معروف عالم دین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی پڑھائیں گے جس کے دوران سماجی فاصلے کو مدنظر رکھاجائیگا۔ذرائع کے مطابق نماز جنازہ معروف مذہبی سکالر مولاناطارق جمیل بھی پڑھا سکتے ہیں۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے لئے سماجی فاصلے کو مدنظر رکھا جائیگا۔پارٹی کارکنوں اور عام شہریوں کو صرف نماز جنازہ کی گرائونڈ تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کودوپہر اڑھائی بجے یکم دسمبر تک پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کردیا گیا۔پیرول پررہائی کے بعد شہبازشریف اورحمزہ شہبازماڈل ٹائون کی رہائشگاہ اور پھر جاتی عمرہ گئے ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہبازکی پیرول پر رہائی کا نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ پنجاب نے جاری کیا۔باپ بیٹے کو کوٹ لکھپت جیل سے سرکاری گاڑی میں جیل عملہ کے ہمراہ جیل سے روانہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پیرول کے دوران پولیس کے بغیر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کہیں نہیں جاسکیں گے ۔پولیس کی بھاری نفری رہائشگاہ کے باہرتعینات کردی گئی۔