اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ الیکشن سے پہلے جھاڑو پھر جا ئیگا ،اس اپوزیشن میں کوئی دم نہیں،عمران خان پانچ سال پورے کریں گے ، 120 دن میں 120 عدالتیں سب گند ختم کردیں گی، شہباز شریف ان کی پارٹی کے آدمی ہیں جو وہ بولیں گے وہ وہی کریں گے ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلویز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ اورعمران خان نے چین میں ایم ایل ون کیلئے محنت کی، اس ماہ ایکنک سے ایم ایل ون پاس ہو جا ئیگا، ایم ایل ون کے بغیر ریلوے حادثات ختم نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پر کوئی ریلوے کراسنگ نہیں ہوگی، 7 گھنٹے میں کراچی سے لاہور پہنچ جا ئینگے ، اس سال ایم ایل ون پر کام شروع ہو جائے گا۔ ایم ایل ون ہی بعد میں بلٹ ٹرین ٹریک بن جا ئیگا، ڈیڑھ لاکھ افراد اس پر کام کر ینگے ، 90 فیصد لیبر پاکستان کی ہوگی، اپوزیشن میں ٹاک شو زکرنے کے سوا کوئی سکت نہیں، الیکشن سے پہلے جھاڑو پھر جا ئیگا، انہو ں نے کہاکہ سپریم کورٹ کا 120 احتساب عدالتوں کے قیام کا فیصلہ تاریخی ہے ۔ چیف جسٹس نے جتنا بڑا فیصلہ کیا ہے ، انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔