لاہور(نامہ نگار)شاہ عالم مارکیٹ بورڈ کے صدر حاجی حنیف نے کہا ہے کہ حکومت شناختی کارڈ کی شرط کو فوری پر ختم کرے ،شناختی کارڈ کی شرط کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں شدید بری طرح متاثر ہیں ۔ 20 جنوری کو وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے تاجر کنونشن میں ملک بھر سے تاجر نمائندے شریک ہونگے ، تاجر برادری بے جا ٹیکسز کی بھرمار اور شناختی کارڈ کی شرط کی وجہ سے بے حد پریشان ہیں۔حاجی حنیف نے مزید کہا کہ تاجر برادری اور ایف بی آر کے مابین ہونے والی سابقہ میٹنگز میں تقریبا ً 70 فیصد مسائل ہو چکے ہیں جبکہ اہم ایشوز کا حل ہونا ابھی باقی ہے کیونکہ شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا معاملہ ابھی تک جوں کا توں پڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبا د میں ہونے والے تاجر کنونشن کے دوران وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کیا جائے۔اور تاجروں میں خوف و ہراس کی فضا کے بادل بھی ہٹائے جائیں کیونکہ اس وجہ سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں شدید مندے کا شکار ہیں۔